نئی دہلی، 24اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی میں قومی ایکتادل کے ہاتھ ملانے کو لے کر اگرچہ کشمکش ہو لیکن قومی ایکتادل کے لیڈر مختار انصاری نے اب اپنے تیور سخت کر لیے ہیں۔خصوصی بات چیت میں مختار انصاری نے کہا کہ اتحاد ہو نا ہو، یہ بات طے ہے کہ سماج وادی پارٹی میں اب قومی ایکتادل کا انضمام بالکل نہیں ہوگا۔یہی نہیں مختار انصاری نے یہ بھی کہا کہ سماج وادی پارٹی نہیں بلکہ بی جے پی کو چھوڑ کر کسی بھی پارٹی سے اتحاد کرنے کا راستہ کھلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد ہے سیکولر طاقتوں کو مضبوط کرنا تاکہ بی جے پی مسلم ووٹ میں انتشار کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔مختار اس بات کو مانتے ہیں کہ ان کی تصویر کو لے کر دقت ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس کے لئے میڈیا ذمہ دار ہے جو صرف ان کے بارے میں منفی خبریں دکھاتا ہے۔وہ الٹا یہ سوال پوچھتے ہیں کہ اگر ان کے اندر کوئی خاصیت نہیں ہے وہ مقبول نہیں ہیں تو جیل کے اندر رہ کر بھی بار بار انتخابات کس طرح جیت جاتے ہیں؟۔مختار نے دعوی کیا کہ اگر قومی ایکتادل سے سماجوادی پارٹی کا اتحاد ہوتا ہے تو اس کا دونوں پارٹیوں کو زبردست فائدہ ہوگا لیکن مختار انصاری نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ ان لوگوں کی بات چیت دوسری پارٹیوں کے ساتھ بھی چل رہی ہے اور اتحاد کو لے کر تصویر بہت جلدی صاف ہو جائے گی۔